نئی دہلی، 26؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے سوشل میڈیا میں وائرل ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کو برہمن مخالف قرار دیا ہے۔ وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر مرکزی وزیر سنجیو بالیان ’پنڈت واد مردہ باد‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی وزیر نے برہمن طبقہ کے خلاف نعرہ بازی کی ہے جس کے لیے بی جے پی کو معافی مانگنی چاہیے۔
سپریا شرینیت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سنجیو بالیان ایک خاص طبقہ، یعنی برہمنوں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے جس طرح سے ایک خاص ذات کو مرکز میں رکھ کر برہمنوں کا استحصال کیا ہے، سنجیو بالیان کا برہمن مخالف بیان دینا اس کا غالباً ثبوت ہے۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ وہ مانتی ہیں کہ سیاست میں ذات پات کی جگہ نہیں ہوی چاہیے، لیکن کسی خاص ذات کو مرکوز کر کے، خاص ذات کا استحصال کر کے، ان کے خلاف گالیاں دے کر، ان کے خلاف نعرے لگا کر بی جے پی یہ کون سی سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے؟ انھوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی برہمن مخالفت ہے جو ویڈیو میں عیاں ہو رہا ہے۔ بی جے پی قیادت کو اس سلسلے میں وضاحت پیش کرتے ہوئے معافی مانگنی چاہیے۔
دوسری طرف سنجیو بالیان نے اس ویڈیو کو فرضی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لیے اس فرضی ویڈیو کو سامنے لایا گیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ انتخاب میں برہمن سماج کو ورغلانے کے لیے جو کچھ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، وہ بالکل بے بنیاد اور فرضی ہیں۔